ائمہ اور خطیبوں سے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کی خواہش
حیدرآباد ۔ 19۔ستمبر (سیاست نیوز) کارگذار ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے عوام بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی کہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی جانچ کرلیں اور الیکشن کمیشن کی جانب سے اس سلسلہ میں شروع کردہ مہم سے بھرپور استفادہ کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ فہرست میں ناموں کی عدم شمولیت کی صورت میں فوری طور پر اپنا نام شامل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال عمر کے تمام افراد کو اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرانا چاہئے ۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جس کے پیش نظر عوام کو ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ ہر وہ شخص جو 18 سال کی عمر مکمل کرچکا ہے ، اپنا نام درج کرانے کا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں ہر شخص کو ووٹ دینے کا حق فراہم کیا گیا ہے اور اس سے استفادہ کرنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے ۔ ووٹ کے استعمال کے ذریعہ ہم اپنے پسند کے امیدوار کو منتخب کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ائمہ اور خطیبوں سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطاب میں مسلمانوں کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں اور انہیں فہرست رائے دہندگان کا جائزہ لینے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ہمارا دستوری حق ہے، جس کے ذریعہ پسندکی حکومت منتخب کی جاسکتی ہے۔ محمود علی نے کہا کہ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کی ویب سائیٹ پر ناموں کی جانچ کرنے کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ فارم 6 کے ذریعہ نئے ووٹر اپنا نام شامل کراسکتے ہیں۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے سلسلہ میں عوامی بیداری کی ضرورت ظاہر کی۔