4 اکٹوبر کو گھر گھر تنقیح ، 7 اکٹوبر سے درخواستوں کی یکسوئی ، 8 اکٹوبر کو قطعی فہرست کی اجرائی
حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 10 تا 25ستمبر چلائی گئی فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے دوران ضلع الکٹورل آفیسر کو جملہ ایک لاکھ 77ہزار 983 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان درخواستوں میں اکثریت نئے ناموںکی شمولیت کے لئے داخل کردہ درخواستوں کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں جملہ ایک لاکھ 34ہزار534 افراد نے فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی شمولیت کے لئے درخواست داخل کی ہے جن میں 92 ہزار 271 افراد نے شخصی طور پر بوتھ لیول عہدیدار سے رجوع ہوتے ہوئے درخواستیں داخل کی ہیں جبکہ 44ہزار 264 افراد نے آن لائن طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے فارم 6- داخل کیا ہے ۔جی ایچ ایم سی کو موصولہ 1 لاکھ 77ہزار 983 درخواستو ں میں فارم۔6داخل کرنے والوں کی تعداد 1لاکھ 34 ہزار 534 ہے جبکہ فارم۔7داخل کرنے والوں کی تعداد 6ہزار 202ہے ۔فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کی اس مہم کے دوران 14ہزار 880 افراد نے فارم۔8 داخل کیا ہے جبکہ فارم ۔8Aداخل کرنے والوں کی تعداد22ہزار 366رہی ۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نئی داخل کردہ درخواستوں کی گھر گھر تنقیح کیلئے 4اکٹوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے تاکہ درخواست گذاروں کی شخصی تنقیح کو ممکن بنایا جاسکے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی و ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور کے مطابق 7 اکٹوبر سے قبل موصولہ درخواستوں کی یکسوئی کا عمل مکمل کرتے ہوئے 8اکٹوبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کے رائے دہندوں کی فہرست کے لئے ضلع الکٹورل آفیسر کی جانب سے تمام بوتھ سطح کے عہدیداروںکو متوفی شہریوں کے ریکارڈ فراہم کردیئے گئے ہیں تاکہ فہرست رائے دہندگان میں موجود متوفی رائے دہندوں کے اخراج کو ممکن بنایا جا سکے ۔ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور نے آج شہر حیدرآباد میں موجود حلقہ جات اسمبلی گوشہ محل اور مشیر آباد میں جاری درخواستوں کی تنقیح کے کاموں کا جائزہ لیا اور جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا ساؤتھ زون میں جاری درخواستوں کی تنقیح کے کاموں کا مسٹر این روی کرن زونل کمشنر ساؤتھ زون نے جائزہ لیا اور کہا کہ تمام حلقہ جات اسمبلی میں موصولہ درخواستوں کا جائزہ لینے اور متوفی رائے دہندوں کے ناموں کے علاوہ دوہرے و فرضی ناموںکے اخراج کو شفاف طریقہ سے حذف کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔