فڈنویس حکومت مرکز کے اشاروں پر ناچ رہی ہے : راج ٹھاکرے

ناسک ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے آج حکومت مہاراشٹرا پر مرکز کی ہدایت پر کام کرنے کا الزام لگایا ۔ اپنی پارٹی کے ویج کامگارسینا کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں سابق کانگریس ۔ این سی پی حکومت دہلی میں موجود ہائی کمان کی ہدایتوں پر عمل کرتی رہی اور اب بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت بھی مرکز کی نریندر مودی حکومت کے اشاروں پر ناچ رہی ہے ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ فڈنویس وہی کررہے ہیں جو صدر بی جے پی امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی ان سے کرنے کے لیے کہتے ہیں ۔ ریاستی حکومت کے تمام حلیف باہم رسہ کشی میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ریاست کے اہم مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ یہاں اپنے دورہ کے دوران راج ٹھاکرے نے ایم این ایس کی ناسک یونٹ کی جانب سے منعقدہ کتابوں کی ایک نمائش میں بھی شرکت کی ۔ بعد ازاں شام کو وہ ممبئی واپس آگئے ۔