حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر فٹ پاتھ اور عوامی مقامات پر موجود غیرمجاز قبضوں کو برخاست کرتے ہوئے تاحال 7,377 مقدمات درج کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی مدد سے فٹ پاتھ اور دیگر عوامی مقامات پر چھوٹے تاجرین کی جانب سے کئے گئے قبضوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کئے۔ ٹریفک پولیس نے دکان داروں، ہاکرس اور چھوٹے تاجرین کی کونسلنگ کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ عوامی مقامات پر غیرمجاز قبضوں میں ملوث نہ ہوں۔