فٹ پاتھس سے 620 ناجائز ڈھانچے منہدم

جی ایچ ایم سی کے شعبہ ویجلنس کی کارروائی آئندہ ہفتہ بھی جاری رہے گی
حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی میں شعبہ ویجلنس کے ذمہ داروں نے شہر کے فٹ پاتھس پر ناجائز قبضہ کرتے ہوئے بنائے گئے سینکڑوں ڈھانچوں کو انہدامی کارروائیوں میں زمین دوز کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق شعبہ ویجلنس کی ایک روزہ کارروائی میں متعلقہ عہدیداروں نے کم سے کم 620 ناجائز قبضوں کو برخاست کردیا ۔ کارپوریشن حدود میں واقع چھ بڑی سڑکوں پر یہ مہم چلائی گئی تھی ۔ کارپور یشن میں شعبہ ویجلنس کے ڈائرکٹر وشواجیت کمپاٹی نے ناجائز قبضوں کی برخاستگی اور انہدامی کارروائیوں کی قیادت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2.8 کیلو میٹر کی پٹی پر کم سے کم 673 ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا ۔ اس سے پہلے وہ 12 فٹ پاتھس پر ناجائز قبضوں کے ساتھ بنائے گئے ڈھانچوں کو منہدم کرچکے ہیں ۔ ڈائرکٹر نے وضاحت کی کہ جی ایچ ایم سی قانون کی دفعہ 504 کے تحت یہ کارروائی کی اور کہا کہ آئندہ ہفتہ کو بھی کارروائی جاری رہے گی ۔ ڈائرکٹر وشواجیت نے کہا کہ شہر کی تمام اہم سڑکوں کو خوبصور ت اور محفوظ بنانے کیلئے جی ایچ ایم سی کی مہم جاری رہے گی ۔ اس ضمن میں فٹ پاتھ سے تمام ناجائز قبضوں کو برخواست کیا جائے گا ۔