فوکو شیما میں متنازعہ مجسمہ کو ہٹانے کا فیصلہ

ٹوکیو ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے شہر فوکوشیما میں ایک بچے کے ایسے مجسمہ کو جلد ہی ہٹا دیا جائے گا جس نے تابکاری سے محفوظ رہنے کا سوٹ پہن رکھا ہے کیونکہ اس مجسمہ کی تنصیب کے بعد عوام کی رائے منقسم ہوگئی ہے اور غیرضروری تنازعہ پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ یہ علاقہ نیوکلیئر اثرات کا شکار ہوچکا ہے۔ دریں اثناء فوکوشیما کے میئر ہیروشی کو ہاٹا نے کہا کہ اس مجسمہ کو حالانکہ تعمیر نو کی علامت کے طور پر نصب کیا گیا تھا لیکن اس نے متنازعہ موقف اختیار کر لیا کیونکہ اس کے بارے میں عوام کی رائے منقسم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اب اس مجسمہ کی تعمیر نو کی علامت کے نقطہ نظر سے نہیں دیکھا جاسکتا کیونکہ اس پر عوامی رائے منقسم ہوچکی ہے اور جب عوامی رائے منقسم ہوجائے تو تنازعہ پیدا ہوجاتا ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم ریلوے اسٹیشن کے قریب اس کی تنصیب جاریہ ماہ کے اوائل میں ہی عمل میں آئی تھی جہاں ایک بچے کو زرد رنگ کا ایک حفاظتی سوٹ پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس کے سینے پر ڈیجیٹل "000” ڈسپلے کیا گیا ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ یہاں اب نیوکلیئر تابکاری کے کوئی اثرات نہیں ہیں اور فضاء آلودگی سے بالکل پاک ہے۔