نئی دہلی 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) غذائی اشیاء کی بڑی عالمی کمپنی Cargill نے آج کہاکہ وہ ہندوستان میں آئندہ 5 سال میں خوردنی تیل اور اپنے دیگر بزنس کے تحت 240 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 1,500کروڑ روپئے) کا سرمایہ مشغول کرے گی۔ ’کارگل انڈیا‘ خوردنی تیل اور گیہوں کا آٹا ’نیچر فریش‘ برانڈ کے تحت بیچتی ہے۔ کمپنی کے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ کارگل جو بڑی فوڈ اور اگریکلچر کے شعبوں سے وابستہ کمپنی ہے، اُس نے ہندوستان میں اپنے بزنس کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان کارگل ایشیاء پسیفک چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیٹر وارن ڈورسن نے ورلڈ فوڈ انڈیا کانفرنس میں کیا جہاں وزیر فوڈ پراسیسنگ ہرسمرت کور بادل کی موجودگی میں یادداشت مفاہمت پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ یہ سرمایہ کاری کارگل کے اصل کاروبار بشمول خوردنی تیل، چاکلیٹس اور جانوروں کے تغذیہ وغیرہ میں مشغول کی جائے گی۔ علاوہ ازیں اِس سرمایہ کاری سے ہندوستان میں 1300 افراد کو روزگار فراہم ہوگا اور کسانوں کی مدد بھی ہوگی۔