فوڈ سیکوریٹی کے نام پر درخواستیں کیوں ؟ کشن ریڈی کا استفسار

حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر بی جے پی ریاست تلنگانہ مسٹر جی کشن ریڈی نے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور دریافت کیا کہ فوڈ سیکوریٹی کے نام پر نئی درخواستیں حاصل کرنے کی آخر وجہ کیا ہے ؟ جب کہ حالیہ عرصہ کے دوران بڑے پیمانے پر ہر ایک کی مکمل تفصیلات کے حصول کے لیے سروے کیا گیا تھا ۔ مسٹر جی کشن ریڈی رکن اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ و صدر تلنگانہ بی جے پی نے آج اپنے حلقہ کے منڈل ریونیو آفس کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ یہاں ضعیف العمر مرد و خواتین کی بے بسی دیکھنے کے بعد منڈل ریونیو آفیسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو درخواستیں داخل کرنے کے لیے آئے ہوئے افراد کے لیے ضروری سہولتیں فراہم کرنے ضروری ہدایات دیں ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کشن ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندر شیکھر راؤ میں مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقومات سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی بحران کے لیے ریاستی حکومت تلنگانہ ہی مکمل طور پر ذمہ دار ہے کیوں کہ وہ دیگر ریاستوں سے برقی خریدی میں بھی ناکام ثابت ہوئی ہے ۔۔