فوڈ سیکوریٹی کارڈ پر عوام تشویش کا شکار

حیدرآباد۔15۔اکتوبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے مسئلہ پر عوام میں زبردست بے چینی پھیلی ہوئی ہے اور عوام فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے علاوہ دیگر اسناد کے حصول کیلئے لازمی آدھار کارڈ حاصل کرنے اور درکار تنقیح کیلئے کاروی سنٹر روڈ نمبر 10 بنجارہ ہلز پر پہنچ رہے ہیں اور آج برہم عوام نے کاروی سنٹر جہاں پر آدھار کارڈ کا مرکز خدمات انجام دے رہا ہے، زبردست ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا ۔ حکومت کی جانب سے راشن کارڈس کی برخواستگی کے ساتھ فوڈ سیکوریٹی کارڈ کی اجرائی کے اعلان اور فوڈ سیکوریٹی کے حصول کے لئے آدھار کارڈ نمبر تحریر کرنے کی شرط نے عوام کو ایک مرتبہ پھر آدھار کارڈ مراکز کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ صرف فوڈ سیکوریٹی کارڈ ہی نہیں بلکہ آمدنی ، طبقہ ، رہائش ، وظیفہ و دیگر اسناد کیلئے تحصیل دفاتر پر درخواست کے ادخال میں بھی آدھار کارڈ طلب کئے جانے کے سبب آدھار کارڈ سنٹر واقع بنجارہ ہلز پر گزشتہ دو یوم سے ہزاروں کی تعداد میں عوام پہنچ رہے ہیں اور کئی شہریوں کے پاس جو آدھار کارڈ نہیں رکھتے وہ نئے آدھار کارڈ کیلئے درخواست داخل کرنے میں دشواریاں محسوس کر رہے ہیں جبکہ بیشتر شہری جن کے آدھار کارڈ میں معمولی تصحیح یا پتہ کی تبدیلی کرنی ہے ، وہ بھی اس مرکز پر پہنچ رہے ہیں

جس کی وجہ سے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 10 پر کافی گہما گہمی دیکھی جارہی ہے ۔ آج صبح سے ہی آدھار کارڈ مرکز پر عوام کی بڑی تعداد قبل از وقت جمع تھی اور مرکز کی سست رفتار کارروائی کے باعث عوام میں برہمی پیدا ہوگئی۔ مرکز پر پہنچنے والے عوام نے جو کافی دیر سے انتظار کر رہے تھے ، برہمی کے عالم میں نعرے بازی کرنے لگے لیکن آدھار کارڈ سنٹر کے ملازمین و عہدیداروں نے عوام کو اطمینان دلایا کہ ان کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اگر وہ اطمینان کے ساتھ قطار میں اپنی درخواستیں داخل کرتے ہیں تو ایسی صورت میں ملازمین کو بھی دشواریاں نہیں ہوں گی۔ عوام کی بڑی تعداد حکومت کی جانب سے معینہ وقت میں ہی فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے علاوہ دیگر اسناد کی اجرائی کیلئے درخواست کے ادخال کو یقینی بنانے کے احکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کافی کم وقت فراہم کیا گیا ہے اور اتنے کم وقت میں ضروری اسنادات کیلئے درکار دستاویزات کے ساتھ درخواست داخل کرنا انتہائی دشوار کن ہے۔