فوڈ سکیوریٹی کارڈ کیلئے درخواستوں کی طلبی کا آغاز

20 اکٹوبر ادخال درخواست کی آخری تاریخ، فارم میں اُردو ندارد
حیدرآباد 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے فوڈ سکیوریٹی کارڈ کیلئے درخواستوں کی طلبی کا آغاز ہوچکا ہے۔ محکمہ سیول سپلائی کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق 13 تا 20 اکٹوبر درخواستیں حاصل کی جائیں گی۔ ایسے شہری جو سفید راشن کارڈ رکھتے ہیں یا پھر ان کے یہاں کوئی بھی راشن کارڈ نہیں جو سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں، انھیں تفصیلات کے ساتھ متعلقہ و قریبی راشن ڈیلر سے ربط کریں۔ شہریوں کو سفید کاغذ پر اپنی تفصیلات کے ساتھ درخواست داخل کرنی ہوگی۔ درخواست میں صدر خاندان (خاتون کا نام) ، پیشہ، یو آئی ڈی، ای آئی ڈی نمبر، فون نمبر، گیس کا کنکشن ہو تو اس کا نمبر، کمپنی کا نام، افراد خاندان کے نام اور درخواست کے ساتھ منسلک دستاویزات جو شہری ثبوت کے طور پر پیش کریں گے۔ متعلقہ یعنی جس علاقہ میں رہتے ہیں اس علاقہ کے راشن ڈیلر سے ربط پیدا کریں اور درخواست فارم اس کے حوالے کریں اور ساتھ ہی درخواست داخل کرنے کے متعلق رسید بھی حاصل کریں جو آئندہ مراحل میں ضروری ہوگی۔ تاکہ فوڈ سکیورٹی کارڈ حاصل کیا جاسکے۔ حکومت کی جانب سے انتہائی اہم اس فوڈ سکیوریٹی کارڈ کی اجرائی کے لئے پیش کردہ مراحل اور فارم میں اُردو کو پھر ایک مرتبہ نظرانداز کردیا گیا ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں اقلیتی آبادی کی اکثریت اُردو سے واقفیت رکھتی ہے اور یہ کارڈ سلم علاقوں کے عوام ہی کیلئے فائدہ مند ہے۔ جبکہ ایسے عوام تک پہنچائی جانے والی سہولیات میں زبان سے بے رخی حکومت کی اُردو اور اُردو زبان سے واقف افراد کے تعلق سے دلچسپی کو واضح کرتی ہے۔