فون ڈرائیونگ اور سگنل جمپنگ پر سخت کارروائی

3 ماہ کے لیے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : گاڑی چلاتے ہوئے سیل فون پر بات کرنے اور ریڈ سگنل پڑنے کے بعد سگنل جمپنگ کار چلانے والوں کو مہنگی ثابت ہوگی ان کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے ۔ سپریم کورٹ کی مقررہ کمیٹی کے احکام پر یہ کارروائی ہوگی ۔ جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر ٹی رگھوناتھ نے کہا کہ سیل فون ڈرائیونگ اور سگنل جمپنگ پر 17 گاڑیاں چلانے والوں کے لائسنس معطل کردئیے گئے ۔ ان میں ٹو وہیلرس تھری وہیلرس اور فور وہیلرس چلانے والے شامل ہیں ۔ لائسنس 3 ماہ کے لیے معطل کیے گئے ۔ گاڑیاں چلانے والوں سے کہا گیا کہ وہ اپنے لائسنس آر ٹی اے یا ٹریفک پولیس کے پاس جمع کرادیں ۔ معطلی کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ اپنے لائسنس واپس لے سکیں گے ۔ اس کے لیے انہیں آر ٹی اے میں درخواست دینی ہوگی ۔ لائسنس کی معطلی کے عرصہ میں گاڑیاں چلانے والوں کو جیل بھیج دیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک اے وی رگھوناتھ نے یہ انتباہ دیا ، اس سال ماہ جنوری میں فون ڈرائیونگ کے 1878 اور سگنل جمپنگ کے 2 ہزار 486 واقعات ہوئے فروری میں ایک ہزار 616 اور 2660 مارچ میں 972 اور ایک ہزار 848 اپریل میں 735 اور 1958 مئی میں 925 اور 965 اور جون میں 862 اور 821 واقعات ہوئے ۔ اب تک صرف نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ اور زیادہ سواریاں بٹھانے پر لائسنس معطل کیے گئے ۔۔