حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے فون ٹیپنگ پر دو چیف منسٹرس کے تنازعہ اور نوٹ برائے ووٹ اسکام میں کچھ کہنے سے انکار کیا۔ تاہم انہوں نے دو ریاستوں میں پائی جانے والی سیاسی صورتحال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ صحتمند نہیں ہے۔ بنڈارو دتاتریہ فون ٹیپنگ مسئلہ اور نوٹ برائے ووٹ اسکام پر میڈیا کے نمائندوں کے سوالات پر اپنا ردعمل ظاہر کررہے تھے، جس میں دو ریاستوں کے قائدین کی جانب سے الزامات اور جوابی الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وہ ریاست کی صورتحال پر تکلیف محسوس کرتے ہیں اور کہا کہ یہ ماحول صحتمند نہیں ہے۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ انہوں نے کل گورنر سے کیوں ملاقات کی تو بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ انہوں نے گورنر سے صرف ایک خیرسگالی ملاقات کی اور انہیں ان کے جینیوا کے دورہ کے بارے میں بتایا۔ بنڈارو دتاتریہ آئی ایل او میٹ میں شرکت کیلئے آج رات جینیوا روانہ ہورہے ہیں۔ ٹیپنگ مسئلہ پر مزید سوالات پر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر ہیں اور گورنر اس معاملہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور ا سلسلہ میں انکوائری کی جارہی ہے اور اس کے نتیجہ میں انہیں واقف کیا جائے گا۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ بحیثیت ایک مرکزی وزیر اس پر انہیں کوئی تبصرہ کرنا نہیں ہے۔ تاہم جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے انہیں دکھ ہوا ہے۔