فوری تیار ہونے والے نوڈلس کھا کر پانچ افراد بیمار
شیلانگ ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) 5 افراد بشمول 4 نابالغ جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، دواخانہ میں شریک کردیئے گئے کیونکہ وہ فوری طور پر تیار ہونے والے نوڈلس کھا کر بیمار ہوگئے تھے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ ایف آئی آر بچوں کے والد کی جانب سے درج کروا دی گئی ہے۔ عدالت سے اجازت حاصل کی جارہی ہے۔ مشرقی خاصی پہاڑیاں کے ضلع ایس پی وویک سئیم نے کہا کہ شہر کے علاقہ لاسوہٹن میں مقیم بھائی بہن نوڈلس کھانے کے بعد شدید سر درد کی شکایت کرنے لگے۔ بعدازاں انہیں الٹیاں ہونے لگیں۔ لابان پولیس اسٹیشن کے انچارج عہدیدار نے کہاکہ 3 افراد کو گنیش داس ہاسپٹل میں اور دیگر دو کو شیلانگ سیول ہاسپٹل میں فوری علاج کیلئے شریک کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر غذائی صیانت ایس این سنگما نے کہا کہ الٹیوں کے نمونے اور بچی ہوئی نوڈلس تفصیلی جانچ کیلئے حاصل کرلئے گئے ہیں اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ انہوںنے غذائی سمیت کے امکانات کو مسترد نہیں کیا۔