ساوتھ اور نارتھ تلنگانہ میں کانگریس کلین سوئیپ کرے گی ، صدر پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگر اب انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو 80 اسمبلی حلقوں میں آسانی سے کامیابی حاصل ہوگی ۔ ساوتھ اور نارتھ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کلین سوئیپ کرے گی ۔ لوٹ لی گئی دولت کو چھپانے کے لیے کے ٹی آر بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں ۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد کے سی آر خاندان کے بدعنوانیوں کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی چار سالہ کارکردگی مایوسی کن ہے اور وعدوں کو عملی جامہ نہ پہنانے والی ٹی آر ایس عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ۔ حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں سے عوامی توجہ ہٹانے کے لیے کبھی کے سی آر تھرڈ فرنٹ کی بات کررہے ہیں تو کبھی کانگریس پر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں ۔ جب کہ ٹی آر ایس کی چار سالہ کارکردگی کو سی آئی جی نے اپنی رپورٹ میں آئینہ دیکھاتے ہوئے چیف منسٹر اور وزراء کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔ کانگریس کی طاقت میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ کانگریس پارٹی مسلسل سروے کرارہی ہے اور ہر سروے کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ کل تک جنوبی تلنگانہ میں کانگریس سوئیپ کررہی تھی اب شمالی تلنگانہ میں بھی کانگریس کا دبدبہ بڑھ گیا ہے ۔ یہاں پر بھی کانگریس پارٹی سوئیپ کرے گی ۔ ٹی آر ایس کے پلینری سیشن کو تماشہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے تھے 4 سال کے دوران اس پر کتنی عمل آوری ہوئی اس کی وضاحت کرنے کے بجائے چیف منسٹر کے سی آر نے خود اپنی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے ہر معاملے میں تلنگانہ کو سرفہرست قرار دینے کی ناکام کوشش کی ہے ۔ کسانوں کے خود کشی ، قرضوں کی حصولی ، وعدوں سے انحراف ، بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے معاملے میں ٹی آر ایس حکومت سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ لوٹ لی گئی دولت کو چھپانے کے لیے ریاستی وزیر آئی ٹی بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں ۔ پیٹرو کمپنی کو مادھا پور میں کروڑہا روپئے کی قیمتی اراضی حوالے کی گئی ۔ ویلس پپ گروپ کمپنی کو 150 ایکڑ اراضی فراہم کی گئی ۔ ایک ہی جی او کے ذریعہ اس کمپنی کو 40 کروڑ روپئے کی سبسیڈی فراہم کی گئی ۔ اس کے علاوہ اس کمپنی کو انٹرنس سبسیڈی برقی سبسیڈی صد فیصد دی گئی ۔ ساتھ ہی جی ایس ٹی سبسیڈی بھی دی گئی ۔ کے ٹی آر کی لوٹ کھسوٹ میں جیش رنجن مکمل تعاون کررہے ہیں ۔ شمس آباد تک میٹرو ریل چلانے پر ریونت ریڈی نے جو الزامات عائد کئے تھے حکومت نے اس کی آج تک وضاحت نہیں کی ۔ ملک میں سب سے زیادہ کے ٹی آر کے وزارتی قلمدانوں میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی ان بدعنوانیوں کی تحقیقات کرائی جائے گی ۔ کے سی آر کے ارکان خاندان کے بشمول بدعنوانیوں میں شامل رہنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر پر 150 کمروں کے محل میں رہنے کا الزام عائد کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالیشان محل میں زندگی گزارنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر آج بھی قائم ہیں ۔ خانگی طیاروں میں بیرونی ممالک کے دورے بھی کئے گئے ۔ کانگریس کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر کے سی آر چیف منسٹر بنے ہیں اور آندھرائی کنٹراکٹرس کو کے سی آر نے ہی اپنی گود میں بیٹھایا ہے ۔ پرجا چیتنیہ بس یاترا پر صدر کانگریس راہول گاندھی نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور یاترا میں شرکت کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے ۔ کرناٹک میں کانگریس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیوے گوڑا کی جماعت جے ڈی ایس صرف ضلع مانڈیا تک محدود رہے گی ۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل کے دامودھر ریڈی کے الزامات پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی حلقوں میں اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ دامودھر ریڈی ان کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں ۔۔