فوج کی اہمیت میںنمایاں کمی

جئے پور ۔ /14 جون (سیاست ڈاٹ کام) فوج کی اہمیت کم ہوگئی ہے کیونکہ گزشتہ 40 تا 50 سال کے دوران ہندوستان کی کسی کے ساتھ جنگ نہیں ہوئی ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج یہ بات کہی ۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کے بیان کا یہ مطلب نہ لیا جائے کہ وہ جنگ کے حق میں ہے ۔ انہوں نے جئے پور میں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے جس میں وزیراطلاعات و نشریات راجیو وردھن سنگھ راٹھور بھی موجود تھے ، کہا کہ سپاہیوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ امن کے اس دور میں فوج کے لئے عوام کی عزت و توقیر کم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دفاعی امور پر کئی چیف منسٹرس کو انہوں نے مکتوب روانہ کیا ۔ بعض نے ان پر عمل کیا اورکئی مواقع پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ چار تا 50 سال کے دوران کوئی جنگ نہیں ہوئی ہے ۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمیں جنگ کرنا چاہئیے بلکہ ان کے کہنے کا مطلب یہ ہے کہ جنگ کے بغیر فوج کی اہمیت کم ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی دو نسلیں ایسی گزر چکی جنہوں نے جنگ نہیں دیکھی ۔ لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ فوج کا وہ احترام نہ کیا جائے جس کی وہ مستحق ہے۔ راتھوڑ نے سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کے حالیہ تبصرہ پر شدید تنقید کی جس میں انہوں نے ہندوستان کو بالواسطہ یہ وارننگ دی تھی کہ پاکستان کے نیوکلیر ہتھیار شب برأت کے موقع پر آتش بازی کیلئے نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف صاحب خود اپنے گھر میں داخل نہیں ہوسکتے وہ ہندوستان میں کیسے داخل ہوں گے ۔