نئی دہلی 21 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے فوجی پاکستان کی جانب سے سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کامنہ توڑ جواب دینے تیار ہیں۔ وزیر دفاع ارون جیٹلی نے آج کہاکہ جب بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوتی ہے ، ہمارے فوجی جو سرحد پر تعینات ہیں اُس کا مناسب جواب دیتے ہیں۔ وزیر دفاع سے وزرائے سیاحت کی کانفرنس کے موقع پر علیحدہ طور پر منعقدہ پریس کانفرنس میں اِس بارے میں سوال کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 10 دن میں ہند ۔ پاک سرحد پر پاکستان نے 12 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور ہندوستانی فوج نے اِس کا بروقت مناسب جواب دیا ہے۔ ہندوستان نے 25 اگسٹ کو مقرر معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت منسوخ کردی ہے اور پاکستان سے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ہند ۔ پاک مذاکرات اور علیحدگی پسندوں سے قربت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔