سرینگر ، 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر انتظامیہ نے آج گرمائی دارالحکومت سرینگر کے بادامی باغ علاقہ میں واقع فوجی ہیڈکوارٹر کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کی مکمل ناکہ بندی کرکے علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے ’فوجی ہیڈکوارٹر ‘ تک دی گئی مارچ کی اپیل کو ناکام بنادیا۔ علیحدگی پسند قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے تازہ احتجاجی پروگرام میں کہا تھا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت 27 اگست کو سرینگر کے بادامی باغ میں واقع فوجی ہیڈکوارٹر تک مارچ کرکے وہاں جنرل آفیسر کمانڈنگ کو جموں وکشمیر چھوڑنے کیلئے کہیں گے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی مسلح افواج (فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی اور سی آئی ایس ایف) کو بذریعہ مکتوب کشمیر چھورنے کیلئے کہا جائے گا۔ علیحدگی پسند قیادت نے وادی میں جاری ہڑتال میں یکم ستمبر تک توسیع کا اعلان کر رکھا ہے ۔ حریت کانفرنس (گ) چیئرمین گیلانی ہفتہ کو دوپہر 2 بجے اپنی نظربندی توڑتے ہوئے مذکورہ مکتوب لیکر فوجی ہیڈکوارٹر کی طرف بڑھنے لگے مگر وہاں پہلے سے موجود اسٹیٹ پولیس نے انہیں حراست میں لیکر پولیس تھانہ ہمہامہ منتقل کیا۔