نئی دہلی 27جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیردفاع ارون جیٹلی نے فوج کے تینوں شعبوں کے ہیڈ کوارٹرس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جہاں فوج کے تینوں شعبوں کے سربراہ آئندہ جنگ ہونے کے موقع پر موجود رہیں گے ۔ سربراہ فوج جنرل بکرم سنگھ نے کہا کہ جب ہم عمارت کا نقشہ تیار کررہے تھے تو ہمارے ذہن میں اس عمارت سے مستقبل میں جنگیں لڑنے کی صلاحیت بھی تھی۔ جیٹلی نے کہا کہ حکومت نئی عمارت کی تعمیر کیلئے تمام ضروری امداد فراہم کرے گی ۔ یہ عمارت دہلی میں اندرون ملک پروازوں کے ایر پورٹ کے قریب تعمیر کی جائے گی ۔ مسلح افواج اپنی جائیداد کی اچھی طرح دیکھ بھال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں دوسروں کو بھی اس مثال کی تقلید کرنی چاہئے ۔ فی الحال مسلح افواج ساوتھ بلاک سے کام کررہے ہیں لیکن اداروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اس کے بعد نئے اداروں کی تشکیل کی وجہ سے علحدہ عمارت تعمیر کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ نیا ہیڈ کوارٹر ایک سبز عمارت ہوگا اور توقع ہے کہ آئندہ ڈھائی سال میں تعمیر مکمل ہوجائے گی۔