فوجی کیمپ پر صہاب کا حملہ ، 50 ہلاک جنوبی صومالیہ میں کارروائی کے دوران دیگر 50 لاپتہ

نیروبی ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی صومالیہ کے ایک فوجی کیمپ پر صہاب انتہاء پسندوں کی جانب سے کی گئی کارروائی اور حملہ میں تقریباً 50 افریقی یونین کے سپاہی ہلاک اور دیگر 50 لاپتہ ہوئے ہیں۔ مغربی فوجی عہدیداروں نے بتایا کہ صہاب حملہ کے بعد کم از کم 50 افریقی سپاہی مارے گئے۔ مغربی فوجی عہدیداروں کی جانب سے روانہ کردہ ایک نوٹ میں بتایا گیا ہیکہ حملہ کے بعد جملہ 100 سپاہی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ صومالیہ کے القاعدہ سے وابستہ گروپ کا کہنا ہیکہ یہ حملہ ضلع جنالے میں کیا گیا جو موغادیشو کے جنوب مغربی علاقہ سے 80 کیلو میٹر دور واقع ہے۔ فوجی کیمپ میں یوگانڈا  سے تعلق رکھنے والے سپاہی بھی موجود تھے۔ صہاب کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہیکہ مرنے والوں کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔ مغربی فوج کے ذرائع نے کہا کہ حملہ کے 12 گھنٹوں کے بعد یہ بیان جاری کیا  گیا ہے۔ صہاب کے کارکنوں نے یہاں پر دو پلوں کو بھی دھماکوں سے اڑا دیا۔