بیجنگ۔ 27 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) انسداد دہشت گردی کے تناظر میں جاری امن مشن 2014 نامی مشقوں میں منگل کے روز چینی ڈرون طیارے نے اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کا مظاہرہ کیا۔ چین کے سرکاری میڈیا نے اس طیارے کی قسم بتائے بغیر کہا کہ اس طیارے کے ذریعے ایک گاڑی کو نشانہ بنانے کا مظاہرہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ چین، روس، قازقستان، کرغزستان اور تاجکستان کے سات ہزار فوجی ان مشقوں میں شامل ہیں جب کہ اس میں 19 مختلف اقسام کے 70 جنگی طیارے حصہ لے رہے ہیں۔