نئی دہلی ۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) چینی فوج کی دخل اندازی کا معاملہ اب تک حل نہیں ہوسکا ، ان حالات میں فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ نے 4 روزہ دورۂ بھوٹان منسوخ کردیا ہے ۔ اُن کا یہ دورہ آج سے شروع ہونے والا تھا ۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ جنرل سوہاگ کسی اور وقت جب حالات سازگار ہوں بھوٹان کا دورہ کریں گے ۔ یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا کیونکہ چینی فوج کی ہندوستانی علاقہ میں مداخلت کاری جاری ہے ۔ چین کی فوج نے لداخ کے چومر علاقہ میں خیمے گاڑ دیئے ہیں اور اُن کے ہیلی کاپٹرس سپاہیوں کو غذائی پیاکٹس سربراہ کررہے ہیں۔
اتوار کو اُس وقت کشیدگی بڑھ گئی جب چین کے بعض ورکرس نے ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوکر سڑک کی تعمیر شروع کردی اور کہا کہ اُنھیں 5کیلومیٹر تک یہاں سڑک تعمیر کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ اس تعطل کو ابھی ختم نہیں کیا جاسکا ہے ۔