بیجنگ 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے آج چین کے شہر شنگھائی میں ایک بحری اڈہ اور بحری جہاز کا دورہ کیا ۔ آج ان کے دورہ چین کا آخری دن تھا ۔ اس دورہ کے موقع پر فوجی سربراہ نے پیپلز لبریشن آرمی کے اعلی قائدین کے ساتھ بات چیت کی اور دونوں ملکوں کی افواج کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا ۔ جنرل سنگھ نے فوجی اڈہ کا دورہ کیا جو چینی فوج کا سب سے بڑا بحریہ مرکز سمجھا جاتا ہے ۔ انہوں نے وہاں مقامی کمانڈرس کے ساتھ بات چیت کی ۔ بعد ازاں انہوں نے ایک نو تیار کردہ بحری جہاز کا بھی مشاہدہ کیا ۔ اس دورہ کے بعد وہ اپنے پانچ روزہ دورہ چین کو مکمل کرکے وطن واپس ہوگئے ۔ بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران جنرل بکرم سنگھ نے پیپلز لبریشن آرمی کے چیف آف اسٹاف جنرل فانگ فینگوئی سے دونوں ملکوں کی افواج کے ما بین تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں فوجی سربراہان نے بارڈر ڈیفنس کو آپریشن اگریمنٹ پر عمل آوری کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ گذشتہ سال لداخ میں جو حادثہ پیش آیا تھا اس کو دور کرنے کیلئے اس معاہدہ پر عمل آوری ضروری ہے ۔ دونوں ملکوں نے گذشتہ سال ہی اس معاہدہ پر دستخط کئے تھے جس کا مقصد ایک دوسرے کی افواج کی نقل و حرکت کے تعلق سے ضروری اطلاعات فراہم کرنا ہے ۔