فوجی سربراہ بپن راوت کا دورہ میانمار آنگ سان سوچی ،اعلی فوجی قیادت سے ملاقات

نئی دہلی،30مئی (سیاست ڈاٹ کام) موجودہ باہمی تعاون خاص طورسے دفاعی شعبہ میں تعاون کو مستحکم کرنے کے مقصد سے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت میانمار کے چار روزہ دورے پر ہیں ۔کل اپنے دورے کے دوران نے انھوں نے ملک کی مقبول جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سوچی سے ملاقات کی اور اعلی فوجی اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی ۔ جنرل راوت نے میانمار کی فوج کے کمانڈر ان چیف آف ڈیفنس فورسز سینئرجنرل من آنگ لینگ کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا ۔ میانمار ہندستان کے اسٹریٹجک پڑوسیوں میں سے ایک ہے اور ناگالینڈ ،میزورم اور منی پور سمیت شمال مشرق کے ساتھ اسکی 1640کلو میٹر طویل سرحد ملتی ہے ۔ وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ دفاعی تعاون اور دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ باہمی تعاون اور اعتماد کو مستحکم کرنے کی سمت میں یہ دورہ ایک اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔اپنے دورے کے دوران جنرل راوت نیشنل ڈیفنس کالج ، نے پیئ تا، اور ڈیفنس سروسز اکیڈمی بھی جائیں گے ۔نیشنل ڈیفنس کالج میں جنرل راوت طلبا افسران سے بھی خطاب کرسکتے ہیں۔