فوجی بغاوت کا کوئی اندیشہ نہیں: وزیر دفاع انٹونی

کوچی۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ دہلی کے قریب دو فوجی یونٹس کی نقل و حرکت پر پیدا ہونے والے تازہ تنازعہ کا اختتام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے وزیر دفاع اے کے انٹونی نے کہا کہ ہندوستانی فوج ایک ذمہ دار فوج ہے جو منتخبہ حکومت کے فیصلوں کی تعمیل کرتی ہے اور کسی بھی صورت میں ملک میں فوجی بغاوت کا کوئی اندیشہ نہیں ہے۔ انھوں نے ساحلی محافظین ادارہ کی ایک تقریب کے موقع پر علیحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بات پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہندوستانی فوج صرف کارروائیوں کے فیصلے کرتی ہے اور فیصلے کرتے وقت منتخبہ حکومت کے پالیسی معاملات کی تعمیل کرتی ہے، اس لئے تشویش کی کوئی وجہ نہیں۔