فوجی اور سیول عہدیداروں میں تنازعہ

نئی دہلی ،30اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام )فوجی اور سول افسران کے مابین عہدوں اور رینکوں میں یکسانیت پیدا کرنے سے متعلق طویل عرصہ سے جاری تنازع کا سنجیدگی سے حل نکالا جارہا ہے اور یہ یقینی بنایا جائیگا کہ کسی ایک کی قیمت پر دوسرے کو نقصان نہ ہو۔ پے کمیشن کی سفارشات نافذ کئے جانے کے بعد فوج نے اپنے افسران کی رینکوں اور فوجی ہیڈکوارٹر میں کام کررہے سول افسران کے عہدوں میں یکسانیت پیدا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔فوج نے اپنے برگیڈیئرکو فوجی ہیڈکوارٹرمیں تعینات ڈائریکٹر کے برابر کئے جانے کی مخالفت کی ہے ۔سابق وزیر دفاع منوہرپریکر نے اس مسئلہ کے حل کے لئے گزشتہ نومبرمیں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ابھی اس کمیٹی کی رپورٹ آنی باقی ہے ۔اعلی عہدوں پر فائز دفاعی ذرائع نے آج واضح کیا کہ وزارت دفاع اس معاملے کے حل کے تئیں پوری طرح سنجیدہ ہے اور اس کے لئے مختلف سطح پر بات چیت کی جارہی ہے ۔