فوجی اور بحریہ کے کینٹن میں میگی استعمال نہ کرنے کا حکم

نئی دہلی ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیسلے انڈیا کے معروف برانڈ نوڈلس میگی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے اور قومی دارالحکومت میں 15 دن کے لئے اس پر امتناع عائد کردیا گیا کیونکہ اس میں ’’سیسہ کی زائد مقدار‘‘ پائی گئی ہے۔ کمپنی کو سارا اسٹاک واپس لینے کا حکم دیا گیا۔ حکومت دہلی نے آج یہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شہر میں مختلف برانڈس کے تحت فروخت ہونے والے تمام نوڈلس کا لیاب میں ٹسٹ کروایا جارہا ہے۔ دہلی میں بگ بازار نے تمام آوٹ لیٹس پر فروخت روک دی ہے۔

اس کے علاوہ مزید کئی ریاستوں میں میگی نوڈلس کے نمونے حاصل کرکے معائنہ کروائے جارہے ہیں۔ مغربی بنگال میں دیگر معروف اسنیکس، کرکرے اور ’’لیز‘‘ کے نمونے معائنہ کیلئے حاصل کئے گئے ہیں۔ فوج اور بحریہ کے ایک ہزار سے زائد کینٹن میں موجودہ میگی کے ذخیرہ کو تاحکم ثانی استعمال نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ فوج کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ میگی میں سیسہ (LEAD) اور مزہ میں اضافہ کرنے کا مونوسوڈیم گلوٹامیٹ (ایم ایس جی) کی مقررہ حد سے زائد موجودگی کی اطلاع پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ بحریہ کے عہدیدار نے بتایا کہ تمام کمانڈرس اور ایریا منیجرس کو کینٹن میں موجود میگی استعمال نہ کرنے کی زبانی ہدایت دی گئی۔ میگی فوج میں سب سے زیادہ استعمال کئے جانے والے نوڈلس ہیں۔ اس دوران مرکزی وزیرصحت جے پی ندا نے تیقن دیا کہ تمام ریاستوں سے ملنے والی رپورٹس پر ان کی وزارت مؤثر اقدامات کرے گی۔ اس معاملہ میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

میگی نوڈلس آمیزش سے محفوظ ہونے کا دعویٰ
پاناجی ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ڈپٹی ڈائرکٹر جیوتی سردیسائی نے کہا کہ گوا میں اس فاسٹ فوڈ کے نمونوں میں جسمانی حرکت میں اضافہ کرنے والی ممنوعہ کیمیائی آمیزش (ایم ایس جی) یاسیسہ کی موجودگی کا کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوا ہے۔