منیلا۔27مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) فلپائن کے بلند ترین پہاڑ پر آگ بھڑک اٹھنے سے سینکڑوں افراد پہاڑی علاقہ سے پیدل فرار ہونے پر مجبور ہوگئے ۔ آتش فرو عملہ نے 7فٹ ( دو میٹر) گہرے گڑھے کل دوپہر کھودے اور 24گھنٹے بعد بھی جاری پھیلتی ہوئی آگ پر قابو پانے کی کوشش کرنے لگے ۔ یہ آگ سیاحتی مقبول عام مرکز ماؤنٹ اپو پر بھڑک اٹھی ہے ۔اطلاعات کے بموجب کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ۔ آتشزدگی کے وقت ایک ہزار سیاح پہاڑی پرموجود تھے جن کا آج دوپہر تک تخلیہ کروا دیا گیا ۔ ماؤنٹ آپو جنوبی جزیرہ منڈاناؤ میں تقریباً 3142میٹر بلند مقام پر واقع ہے اور یہاں پر محفوظ جنگلاتی علاقے واقع ہیں ۔اسی جنگل میںفلپائن کے قومی پرندے کی افزائش و نسل کا مرکز بھی موجود ہے ۔ اسی جنگل میں بندر کھانے والی چھیل کی نسل بھی پائی جاتی ہے جو بتدریج معدوم ہوتی جارہی ہے ۔ موسم گرما میں جب درجہ حرارت میں اضافہ ہوجاتا ہے تو پہاڑی پر آگ بھڑک اٹھنے کے واقعات معمول کے مطابق ہے ۔ تاہم آج کی آتشزدگی کی وجہ ہنوز دریافت نہیں ہوسکی ہے ۔ فلپائن کی فضائیہ کے ہیلی کاپٹرس نقصان کا سروے کرنے کیلئے اس علاقہ میں تعینات کئے گئے ہیں ۔