منیلا ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک رومن کیتھولک پادری جو فلپائن کے صدر ڈوٹیرئے کی جانب سے منشیات کے خلاف کی جانے والی کارروائی کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا، وہ اب اپنی جان کے خوف سے روپوش ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہیکہ موٹر سائیکل پر سوار کچھ لوگوں نے ان کی جان لینے کی کوشش کی تھی۔ پادری اموڈو پکارڈل نے بتایا کہ وہ اب ایک محفوظ مقام کو ہجرت کر گئے ہیں اور فی الحال کچھ دنوں تک عوام سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ یاد رہیکہ ایک کیتھولک چرچ کے کچھ ورکرس نے پادری کو بتایا کہ سیبوسٹی میں واقع جس چرچ میں وہ ہمیشہ جاتے ہیں وہاں موٹر سائیکل پر سوار کچھ اجنبی افراد نے پادری کے بارے میں سوالات کرتے ہوئے ان کے محل وقوع کے بارے میں بھی پوچھا تھا۔ پادری پکارڈل منشیات کے خلاف غیرآئینی طور پر کارروائی کرتے ہوئے ڈوٹیرئے کی اس وقت سے مخالفت کررہے ہیں جب وہ (ڈوٹیرئے) سٹی میئر تھے۔ پادری نے کہا کہ وہ منشیات کے نام پر بہیمانہ قتل و غارت گری کی مخالفت جاری رکھیں گے۔