منیلا ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے وسط میں واقع ایک بندرگاہ کے قریب کشتی غرقاب ہونے سے اس میں سوار 189 مسافرین کے منجملہ 38 مسافرین غرقاب ہوگئے جبکہ دیگر 26 لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ یہ کشتی بندرگاہ سے روانہ ہونے کے چند منٹوں کے اندر ہی سمندر میں غرقاب ہوگئی۔ کوسٹ گارڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ تقریباً 127 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ غوطہ غوروں نے ڈوبنے والوں کو کنارے پر لایا۔ کوسٹ گارڈ کے ترجمان ارمند بلیلو نے کہا کہ لکڑی کی بنی ہوئی یہ کشتی یہاں سے 44 کیلو میٹر دور جنوب میں واقع جزیرہ کیلئے روانہ ہوئی تھی لیکن وہ بیچ سمندر میں شدید لہروں کا شکار ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ جہاز کے کیپٹن اور عملہ کے دیگر ارکان کو بچا لیا گیا ہے اور انہیں حراست میں رکھ کر تحقیقات کی جارہی ہے۔ کشتی غرقاب کے واقعہ میں بچ جانے والوں نے بتایا کہ کشتی کا جھکاؤ ایک طرف اچانک بڑھ گیا، جس سے کشتی غرقاب ہوگئی۔