موتے گروپ کے مسلح ارکان کا جیل پر حملہ ‘8 قیدی ارکان کی رہائی ‘باقی 15فرار
ماراوی( فلپائن) ۔28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) مسلم انتہا پسند جو دولت اسلامیہ کے حامی ہیں اجتماعی طور پر جنوبی فلپائن کی ایک جیل سے فرار ہوگئے ۔ اجتماعی فرار کے سلسلہ کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے جس میں 23 قیدی فرار ہوگئے ۔ تقریباً 50 زبردست مسلح موتے گروپ کے ارکان نے جنوبی فلپائن کے صوبہ منڈاناؤ کے ماراوی شہر کے مقامی جیل پر حملہ کیا اور 8قیدیوں کو آزاد کروالیا جنہیں ایک ہفتہ قبل گرفتار کیا گیا تھا ۔ دیگر 15قیدی جو سنگین جرائم کے الزام میں قید میں تھے اس حملہ کے دوران جیل سے فرار ہوگئے ۔ صوبائی جیل کے وارڈن ایکمیڈ اباؤ نے اس کا انکشاف کیا ۔ پولیس عہدیدار نے قبل ازیں کہا تھا کہ 28قیدی فرار ہوگئے ہیں لیکن اباؤ نے تعداد کی وضاحت کردی ۔ ایک خبر کے بموجب اباؤ نے کہا کہ دو خواتین جیل کی پھاٹک پر آئی تھیں اور انہوں نے چوکیدار سے خواہش کی کہ قیدیوں کیلئے کچھ کھانا حاصل کرلیں ۔ جب چوکیدار نے پھاٹک کھولا تو نقاب پوش حملہ آور زبردستی احاطہ میں داخل ہوگئے ‘ چوکیداروں پر قابوپالیا اور انہیں مجبور کیا کہ وہ گھٹنے ٹیک کر کھڑے ہوئے جائیں ‘ قیدیوں کو آزاد کروانے سے پہلے ان کی دو رائفلیں بھی چھین لیں ۔ نقاب پوش حملہ آور اللہ ہواکبر کے نعرے لگارہے تھے ۔ جیل خانے کی گاڑی نے ایک قریبی جھیل تک فرار ہونے سے پہلے موتے گروہ کے ارکان نے زبردست نعرہ بازی کی اور اس کے بعد ایک کشتی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے جب کہ دیگر قیدی منتشر ہوگئے ۔جیل میں گولیوں کے دو شگاف نظر آتے ہیں ۔ ایک ٹیلی ویژن چکناچور ہوگیا ‘یہ حملہ کا واحد ثبوت ہے ۔ 22اگست کو موتے گروپ کے 8 ارکان گرفتار کرلئے گئے تھے جبکہ وہ جدید ترین بموں اور پستولوں سے بھری ہوئی ایک ویان چلارہے تھے ۔