فلپائن میں طوفان ’’ ہیان‘‘ کی تباہی1200 ہلاکتیں

سڑکوں پر نعشیں ، بلند عمارتیں ، سمندری لہروں میں بہہ گئیں ، کئی گھر زمین دوز
منیلا۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن میں تباہ کن سیلاب کے نتیجہ میں آج کم سے کم 1,200 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے ہیں۔ طوفان سے وسطیٰ فلپائن کے علاقے بری طرح تباہ ہوگئے ہیں، جہاں کئی بلند و بالا عمارتیں سمندری لہروں میں بہہ گئیں۔ ساحلی علاقوں میں واقع گھر زمین دوز ہوگئے۔ مواصلاتی اور سڑک رابطے پوری طرح منقطع ہوگئے ہیں۔ اس دوران شہری ہوابازی اتھاریٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کیپٹن جان اینڈریوز نے کہا کہ اپنے اسٹاف سے ریڈیو پر باوثوق اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے مطابق 1200 سے زائد افراد ہلاک اور دیگر درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ بدترین متاثرہ جزیرہ لیٹے کے شہر ٹکلوبانی کی سڑکوں پر درجنوں نعشیں پڑی ہوئی ہیں۔ یہ ان 6 جزائر میں شامل ہے، جہاں گزشتہ روز ’’طوفان ہیان‘‘ ٹکرایا تھا۔ علاقائی فوجی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل رائے دیورا ٹورڈا نے کہا کہ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا احتمال ہے کیونکہ فضائی ذرائع سے موصولہ تصاویر کے مطابق ان علاقوں میں طوفان سے ہولناک تباہی ہوئی ہے۔ یہ طوفان اب فلیپائن کو مجبور کرتے ہوئے ویتنام کی سمت پیشرفت کررہا ہے۔
انڈونیشیا کا فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ، 13 افراد ہلاک
جکارتہ ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انڈونیشیا کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر آج بورنیو کے گھنے جنگلات میں شعلہ پوش ہونے کے بعد تباہ ہوگیا ۔ جس میں سوار وہ تمام 13 تعمیراتی مزدور اور 8 ارکان عملہ ہلاک ہوگئے جنہیں ایک فوجی چوکی کی تعمیر کے لیے لیجایا جارہا تھا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ انجن میں خرابی کے سبب یہ ہیلی کاپٹر زمین پر گر پڑا ۔ روسی ساختہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر شمالی صوبہ کالیمنتان کے مالیناڈ ضلع کے دور دراز کے علاقہ میں حادثہ کے بعد جھلس کر خاکستر ہوگیا ۔۔
امریکی دفاعی سودوں میں بدعنوانیاں، دو ایڈمیرلس برطرف
واشنگٹن 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی بحریہ سے رشوت خوری کے ایک سنگین معاملہ میں رسائی حاصل کرنے والے دو ایڈمرلس کو خدمات سے برطرف کردیا۔ رشوت خوری کے اس اسکینڈل میں جہاں ایشیا میں انتہائی منفعت بخش کنٹراکٹس کے حصول کیلئے بعض فاحشائیں بھی ملوث ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد بحریہ کے تین اعلیٰ عہدیداروں کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے اور مزید دو ایڈمرلس کی برطرفی کے اعلان سے یہ واضح ہوگیا کہ مذکورہ اسکینڈل عام نوعیت کا نہیں بلکہ ایسا اسکینڈل ہے جس میں بحریہ کے اعلیٰ سطحی عہدیدار تک ملوث ہیں۔