فلپائن میں دو علحدہ دھماکوں میں 39 افراد زخمی

منیلا ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دو علحدہ بم دھماکوں کے واقعات میں 39 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حکام کے مطابق پہلا واقعہ چہارشنبہ کو اس وقت رونما ہوا جب وسطی جزیرہ لیٹے میں 33 افراد بم دھماکہ میں زخمی ہوگئے۔ سرکاری عہدیداروں کے مطابق اس وقت وہاں ایک باکسنگ میاچ چل رہا تھا جبکہ دوسرا بم جنوبی جزیرہ منڈاناؤ کے شاہراہ پر صرف ایک گھنٹہ کے وقفہ میں دھماکہ سے پھٹ گیا جس میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ اسی دوران لیفٹننٹ کرنل ایڈ گرڈیلاس رائس نے بتایا کہ دھماکہ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ سڑک پر نصب ایک لیمپ پوسٹ اکھڑ گیا جبکہ زخمیوں میں بچوں کی بھی قابل لحاظ تعداد ہے۔ منڈاناؤ میں ہوئے دھماکے کیلئے مسلم انتہاء پسندوں کو موردالزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ تاہم اب تک یہ بات وثوق سے نہیں کہی جاسکتی۔ پولیس ان دھماکوں کے پس پشت محرکات کی تحقیقات کررہی ہے۔
شام میں دولت اسلامیہ کا کلیدی کمانڈر ہلاک
واشنگٹن ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک سینئر دفاعی عہدیدار نے اس بات کی توثیق کی شام میں اتحادی افواج کے فضائی حملہ میں دولت اسلامیہ کا ایک کمانڈر ہلاک ہوگیا ہے۔ عہدیدار کے مطابق مہلوک کمانڈر ابوجندال الکویتی ہے جو طبقہ ڈیم کے قریب پیر کے روز ہلاک ہوا۔ رقہ میں ابوجندال دولت اسلامیہ کا کلیدی قائد تصور کیا جاتا تھا جبکہ مزید تفصیلات ہنوز معلوم نہیں ہوئی ہیں جبکہ برطانیہ کی سیرین آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے جاریہ ہفتہ کے اوائل میں کہا تھا کہ ابوجندال کو امریکی اتحادی فوج کے طیاروں نے نشانہ بنایا تھا۔ دوسری طرف منگل کے روز دولت اسلامیہ کے حامیوں نے بھی سوشیل میڈیا پر یہ اشارے دیئے تھے کہ ابوجندال ہلاک ہوچکا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے امریکہ کی تائید والی سیرین ڈیموکریٹک فورسیس طبقہ ڈیم کے قریب دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں سے نبردآزما ہے اور جس کا وقتاً فوقتاً امریکی اتحادی فوج کے ذریعہ کئے جانے والی فضائی حملوں کے ذریعہ بھی تعاون کیا جارہا ہے۔