منیلا۔ 7 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے فوجی اسلحہ ڈپو میں آتشزدگی اور سلسلہ وار دھماکوں سے کم از کم 23 افراد زخمی ہوگئے۔ سرکاری عہدیداروں اور آئینی شاہدین نے اس کی اطلاع دی۔ مقامی ٹی وی پر جھلکیاں دکھائی گئیں جس میں فوجی چند زخمیوں کو اسٹریچر پر ڈال کر شعلہ پوش عمار ت سے جو گہرے کثیف دھوئیں میں گھری ہوئی تھی، باہر نکال رہے تھے جبکہ دیگر تین متاثرین طبی امداد کے انتظار میں بیٹھے ہوئے تھے۔ 23 افراد کا فلپائن کے فوجی اسپتال میں علاج کیا گیا۔پانچ فوجی اور ایک شہری کو دواخانہ میں شریک کردیا گیا کیونکہ ان کی حالت تشویشناک تھی۔ زخمیوں میں 8 فوجی ، آتش فرو عملہ کے 7 ارکان اور ایک شہری شامل تھے۔آتشزدگی کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔فوجی اسلحہ ڈپو کی عمارت ہنوز شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔