فلپائن قیادت اور مسلم باغی سردار میں اچانک مذاکرات

منیلا ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے صدر بینیانو اگوینو نے اچانک ملک کے اعلیٰ سطحی مسلم باغی قائد سے جاپان میں ملاقات کی تاکہ امن معاہدہ پر عمل آوری میں تاخیر سے بڑھتے ہوئے اندیشوں کی یکسوئی کی جاسکے۔ یہ ملاقات ہیروشیما میں امن کانفرنس کے موقع پر علحدہ طور پر ہوئی۔ اگوینو اور مورو اسلامی نجات دہندہ محاذ کے صدرنشین مراد ابراہیم مہمان خصوصی تھے۔ صدر فلپائن کے ترجمان ایڈون لاسیرڈا نے اس کی اطلاع دی۔ باغیوں کے ترجمان نے کہا کہ محاذ نے امن معاہدہ پر عمل آوری میں غیرمعمولی تاخیر پر پیدا ہونے والے اندیشوں کی یکسوئی کیلئے اپیل کی تھی۔

ساحلی علاقہ میں حملوں پر کینیا کا گورنر گرفتار
نیروبی ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) کینیا کی پولیس نے ضلع لامو کے گورنر کو تین حالیہ قتل عام کے واقعات کے سلسلہ میں جن میں 7 افراد ہلاک کردیئے گئے تھے، گرفتار کرلیا۔ عہدیداروں کے بموجب گورنر عیسیٰ تمامی کو گرفتار کرلیا گیا۔ وہ سی آئی ڈی کی تحویل میں ہیں اور آج دیر گئے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔