منیلا، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن میں مسلم انتہا پسندوں کے قبضہ والے ایک شہر کو آزاد کرانے کی کوششوں کے دوران ایک فضائی حملے میں 10 فلپینی فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے ۔ وزیر دفاع ڈیلفن لورینجانا نے آج یہ اطلاع دی۔ انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ ایک فوجی دستہ فضائی حملے کی زد میں آگیا جس میں دس فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا رابطہ صحیح طور پر نہ ہونے کی وجہ سے ہم نے اپنے ہی لوگوں کو نشانہ بنا ڈالا۔حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ حادثہ کب ہوا۔ واضح رہے کہ داعش سے منسلک باغیوں نے گزشتہ آٹھ روز سے مراوی شہر کے کچھ حصوں پر قبضہ کررکھا ہے ۔ دہشت گردوں کے چنگل سے شہر کو آزاد کرانے کے لئے فلپینی مسلح افواج نے زمینی فوج اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مہم چھیڑ رکھی ہے ۔