فلپائن : سوپر سمندری طوفان قریب آنے پر چوکسی کا اعلان

ٹوبوایگاراو ۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلپائنس نے سمندری طوفان کی آمد کا انتباہ دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر تباہی کے بارے میں عوام کو چوکس کردیا گیا ہے۔ سوپر سمندری طوفان مانگ کھوٹ کی آمد سے امکان ہیکہ زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئیں گے۔ خوفناک اور تیز رفتار ہوائیں چلیں گی اور موسلادھار بارش ہوگی۔ ہزاروں افراد پہلے ہی فلپائن میں اپنے گھر بار چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔ ہفتہ کی علی الصبح سمندری طوفان کے آنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ تجارتی ادارے اور رہائشی علاقہ جزیرہ لوزان میں جہاں کی آبادی لاکھوں افراد کی ہے، ویران نظر آرہے ہیں۔ کھڑکیاں بند ہے۔ چھتوں کو مضبوطی سے باندھ دیا گیا ہے کیونکہ 205 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور مکانوں کی چھتیں اڑ جانے کا اندیشہ ہے۔ طاقتور ہوائیں پہلے ہی سے ٹوبوایگاراو شہر میں محسوس کی جارہی ہیں۔ تقریباً تمام تجارتی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔ پولیس سنسان سڑکوں پر طلایہ گردی کررہی ہے۔ فلپائن کی ریاست میں موسمی خدمات نے عوام کو چوکسی کی ہدایت جاری کردی ہے جو دوسرے درجہ کی وارننگ ہے کیونکہ 220 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی آنا متوقع ہے۔ زبردست سمندری طوفان کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔ موسلادھار بارش اور تیز رفتار آندھی اندیشہ ہیکہ شمال مشرقی کنارہ کو بھی متاثر کریں گی۔ سمندری طوفان کی پیش قیاسی کرنے والوں کے بموجب یہ سمندری طوفان برسوں میں ایک بار آیا کرتا ہے۔ اس علاقہ کے کاشتکار پورے فلپائن کیلئے چاول اور مکئی پیدا کرتے ہیں۔ وہ اپنی فصلوں کو زیرآب آ کر تباہ ہونے سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ سمندری طوفان گذشتہ سمندری طوفانوں سے دگنا طاقتور ہوگا۔ اسی وجہ سے اس علاقہ کے کاشتکار پریشان نظر آرہے ہیں۔