فلپائن: حکومت اور مسلم باغیوں میں تاریخی امن معاہدہ

منیلا ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کی حکومت اور ملک میں سرگرم مسلمان باغیوں کی سب سے بڑی تنظیم کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کے تحت ‘مورو اسلامک لبریشن فرنٹ’ کے جنگجو مسلح جدوجہد ترک کرکے ہتھیار ڈال دیں گے جبکہ فلپائن کی حکومت ملک کے مسلمان اکثریتی جنوبی صوبے کو نیم خودمختاری دے گی۔ جمعرات کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں فلپائن کی حکومت اور ’ایم آئی ایل ایف‘ کے درمیان امن معاہدہ پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں فلپائن کے صدر بینجنو اکینو اور ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ فلپائن کی حکومت اور

مسلمان باغیوں کے درمیان گزشتہ 17 برسوں سے امن مذاکرات جاری تھے اور 2001ء سے ملائیشیا کی حکومت ان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہی تھی۔ امن معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب میں منیلا میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں، اعلیٰ حکام، اراکین پارلیمان اور مسلمان رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ امکان ہے کہ امن معاہدے کے نتیجے میں مسلمان باغیوں کی 45 سال سے جاری مسلح مزاحمت کا خاتمہ ہوجائے گا جس میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔ حتمی امن معاہدہ میں فلپائن حکومت اور باغیوں کے درمیان ماضی میں ہونے والے تمام عبوری معاہدے بھی شامل کئے گئے ہیں۔