فلپائن اور کوریا کے منطقہ حارہ میں ہوا کے دباؤ میں کمی

خلیج بنگال میں مانسون کی پیشرفت میں رکاوٹ کا باعث
وشاکھا پٹنم ۔ 3 ۔ جولائی : ( ایجنسیز ) : فلپائن اور جزیرہ نماکوریا کے قریب منطقہ حارہ میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے خلیج بنگال میں مانسون کی پیشرفت میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے ۔ موسمیات ویب سائٹ skymal نے کل اپنی تازہ ترین پیش قیاسی میں یہ بات بتائی ۔ دونوں مقامات ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے طوفان کی حالت پیدا ہورہی ہے جو دوسرے مقامات پر موسمی نظام کو مستحکم ہونے کا موقع نہیں دے رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ذیلی براعظم میں ہوا کا رخ بھی متاثر ہورہا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں آئندہ دنوں میں بھی کسی موسمی سرگرمی کا امکان نہیں ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مانسون کہیں پس منظر میں چلا گیا ہے اور جاریہ ماہ کے پہلے نصف کے بعد ہی سرگرم ہوگا ۔ مانسون کی سرگرمی اسی وقت شروع ہوگی ۔ جب یہ طوفان اور کہیں چلے جائیں اور ان کا اثر کم ہوجائے ۔ جنوب مغربی مانسون 5 جون کو ہندوستان میں داخل ہوا ۔ روایات کے برخلاف یہ ابتدائی مرحلہ میں ہی سست ہوگیا تھا ۔ لیکن یہ فوری مستحکم بھی ہوا اور ابتدائی ایام میں بارش کے خسارہ کی پابجائی ہوگئی ۔ ماہ جون میں ملک بھر میں 16 فیصد اضافی بارش ہوئی تھی ۔ موجودہ ایام میں بارش میں کمی سے ساحلی آندھرا میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے ۔ اگر یہی صورتحال رہی اور 15 جولائی تک بارش نہیں ہوئی تو پھر علاقہ میں شدید گرمی کی لہر پیدا ہوگی ۔ کہا گیا ہے کہ آندھرا کی بہ نسبت تلنگانہ میں قدرے بہتر بارش ہوئی ہے ۔۔