فلپائنی فوج اور مسلم عسکریت پسندوں

میں جھڑپیں، زائد از دو درجن ہلاک
منیلا ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے جنوبی صوبے کے جنگل پر حکومتی عمل داری قائم کرنے کیلئے منیلا کی فوج نے مسلم عسکریت پسندوں کے ایک تربیتی مرکز پر دھاوا بول دیا۔ فریقین کے درمیان جھڑپوں میں 26 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ علاقائی فوج کی ترجمان کرنل رووینا مئیلا نے بتایا کہ ابوسیاف کے 25 جنگجوؤں کی ہلاکت ہوئی اور ایک فوجی مارا گیا ہے۔ فلپائنی فوج کو گن شپ ہیلی کاپٹروں اور توپخانے کی مدد بھی حاصل تھی۔

روس اور چین کی فوجی مشقیں
بیجنگ ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق رواں ماہ کے دوران چین اور روس کی مشترکہ فوجی مشقیں بحیرہ مشرقی چین میں رکھی گئی ہیں۔ جنگی مشقیں چینی بندرگاہی شہر شنگھائی کے قریبی سمندری علاقے میں ہوں گی۔ چین کے مطابق یہ معمول کی فوجی مشقیں ہیں اور گزشتہ برس ایسی ہی مشقیں روس کے مشرقی بعید کے سمندری علاقے میں ہوئی تھیں۔ یہ امر اہم ہے کہ چین اور جاپان کے درمیان تنازعہ کے شکار جزائر سینکاکو بھی بحیرہ مشرقی چین میں واقع ہیں۔ یہ جزائر اِس وقت جاپان کی حاکمیت میں ہیں۔