ملبورن( امریکہ) 18جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست فلوریڈا کے وسطیٰعلاقہ میں واقع ایک شاپنگ مال میں آج صبح شوٹنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ ملبورن پولیس نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے کو پکڑلیا گیا ہے اور پولیس افسران ملبورن اسکوائر مال کے تمام اسٹورس کی ایک کے بعد دیگر تلاشی لے رہے ہیں ۔ کمانڈر ونس پرائس نے کہا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیںہوسکاکہ آیا مشتبہ شخص ہلاک ہوگیا ہے یا پھر دو زخمیوں میں شامل ہے ‘ جنہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ مقامی وقت کے مطابق 10بجے دن مال کھلنے سے پہلے شوٹنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد مال کو بند کردیا گیا ۔ علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ کے مختلف مالس اور مارکٹس میں فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ حال ہی میں سیاہ فام نوجوان پر ایک سفید فام پولیس افسر کی فائرنگ کے بعد زبردست احتجاج ہوا تھا۔