فلورینس سے مختلف دریا طغیانی پر ، 17 ہلاک

ولمنگٹن ۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) طوفان فلورینس سے ہونے والی تباہی نے حکام کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ سیلاب کا یہ حال ہیکہ ولمنگٹن پوری طرح دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے جبکہ دریا میں طغیانی نے سیلاب کی صورت اختیار کرتے ہوئے اپنے ساتھ کیچڑ اور دیگر کچرے کے انبار کو شہر کی ہر جانب بکھیر دیا ہے۔ اب ولمنگٹن کا یہ حال ہیکہ حد نظر تک پانی ہی پانی ہے۔ دریں اثناء گورنر رائے کوپر نے انتباہ دیا ہیکہ پانی انتہائی خطرناک انداز میں بہہ رہا ہے اور اگر لوگوں نے احتیاط سے کام نہ لیا تو ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے جو اس وقت 17 ہے۔ یہاں پر جمعہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کیپ فیر، لٹل ریور، لومبر، وکاما اور دریائے پی ڈی کی آبی سطح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تک ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔