فلم کو دلچسپ بنانے کی پوری کوشش کی ہے :عمران ہاشمی

ممبئی 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایکٹر عمران ہاشمی نے کہا کہ راجہ نٹور لال فلم بینوں کے ایک طبقہ کو پسند آئی ہے اور ایک طبقہ ایسا بھی ہے جسے فلم پسند نہیں آئی ہے حالانکہ ہم نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی ہے کہ فلم کو دلچسپ بنایا جائے۔ پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک کی موجودگی بھی شائقین کو تھیٹر کی جانب کھینچ لانے میں معاون ثابت ہوئی ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان کی آئندہ آنے والی فلم ’’ٹائیگرس‘‘ بھی ہٹ ثابت ہوگی ۔ فلم کی کہانی کے بارے میں انہوں نے کچھ نہیں بتایا۔ جب ان سے ان کے بیٹے ایان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اب وہ بالکل صحت مند ہے۔ قارئین کو یاد ہوگا کہ عمران ہاشمی کا بیٹا کینسر سے متاثر تھا جس کا کامیاب آپریشن کیا جاچکا ہے ۔ بیٹے کی بیماری کی وجہ سے عمران ہاشمی کافی بُجھے بجھے رہنے لگے تھے ۔ انہیں صرف اپنے بیٹے کی زندگی کی فکر تھی لیکن اللہ کا کرم ہوا کہ بیٹا کینسر جیسی موذی بیماری کے چنگل سے باہر نکل آیا اور اس طرح عمران نے اپنی فلمی مصروفیتیں ایک بار پھر شروع کردی ہیں ۔ انہو ںنے اپنے تمام مداحوں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ایان کی بیماری کے دوران صحت کیلئے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا تھا۔