حیدرآباد:۔ سنسر بورڈ نے فلم ’’ پدماوت‘‘ کی نمائش کی اجازت دے دی ہے۔اس کے باوجود فلم کے خلاف احتجاج اب بھی جاری ہے۔دکن کرانیکل میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق گوشہ محل کے بی جے پی کے ایم یل اے راجا سنگھ نے عوام سے فلم ’’ پدماوت‘‘ کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ورنہ و ہ کسی بھی حد تک احتجاج کر سکتے ہیں۔یہاں تک کہ وہ سنیما گھروں کو آگ لگا نے سے بھی باز نہیں آےئنگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی فلمیں جو تاریخ کے پہلوؤں کو بگاڑدیں ایسی فلموں کے نقصان کے ذمہ دار خود پروڈیوسرس ہونگے۔اسی دوران حیدرآباد کے رکن پارلیمان جناب اسدالدین اویسی نے ورنگل میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’’پدماوت ‘‘ بکواس فلم ہے۔
مسلمان یہ فلم دیکھنے سے احتراز کریں۔عوام نے ان کے اس تبصرہ کو مسترد کردیا۔نیرو گولکنڈہ نے کہا کہ عوام سمجھ دار ہیں وہ جانتے ہیں کہ انہیں کونسی فلم دیکھنا چاہئے اور کونسی فلم نہیں دیکھنی چاہئے۔قائدین کو ایسی بے سرپا باتیں نہیں کرنا چاہئے۔تلنگانہ اسٹیٹ چیمبر آف کامرس کے سکریٹری اور سیاست داں مرالی موہن نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم آجا نے کے بعد پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ تھیٹرس کے لئے مناسب سکیوریٹی کا انتظام کریں۔