ممبئی 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) فلم ساز انوبھو سنہا جو اپنی آنے والی فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں، کہاکہ ان کی فلم ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان محبت کی کہانی ہے۔ سنہا، یہاں ایک ریڈیو اسٹیشن پر تاپسی پنو اور پراتیک ببر کے ساتھ فلم کی تشہیر کے سلسلہ میں میڈیا سے بات کررہے تھے۔ فلم ’’مُلک‘‘ کا ٹریلر دیکھنے کے بعد چند شدت پسندوں عناصر نے ان پر تنقید کی اور فلم کے ’’تھیم‘‘ پر ایک مخصوص مذہب کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا جبکہ اب وہی ناقدین اُس پر مثبت ردعمل ظاہر کررہے ہیں۔ بالی ووڈ ڈائرکٹر سنہا نے یہ بات کہی۔ سنہا سے یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ اب سکون محسوس کررہے ہیں تو سنہا نے کہاکہ انھیں معلوم ہے کہ وہ کیا پیش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے واضح طور پر کہاکہ وہ نہ تو کسی پر تنقید کررہے ہیں اور نہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچارہے ہیں۔ میں نے یہ محسوس کیا ہے کہ یہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ایک عشقیہ کہانی ہے۔