متوفی کی والدہ نے شاہ رخ خاں کو بے قصور قرار دیا
نئی دہلی ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شاہ رخ خاں کی فلم رئیس کی تشہیرکیلئے ٹرین میں سفر (ٹرین پرموشن) کے دوران ایک شخص کی موت پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا لیکن متوفی کی والدہ نے فلمی اداکار کی حمایت میں آگے آئی ہیں اور کہا کہ اس واقعہ میں ان کا کوئی قصور نہیں ہے ۔ وڈوڈرا ریلوے اسٹیشن پر پیر کی شب اگست کرانتی اکسپریس میں شاہ رخ خاں کے پہنچنے پر ان کی جھلک دیکھنے کیلئے ہجوم ٹوٹ پڑا جس میں ایک نو جوان فرید خان پٹھان قلب پر حملہ کے باعث فوت ہوگیا تھا ۔ وہ ایک صحافی کے رشتہ دار تھے جو کہ شاہ رخ کے ساتھ اسی ٹرین میں سفر کر رہے تھے ۔ اس واقعہ کے چند گھنٹوں بعد ایک گوشہ نے شاہ رخ خاں کو مورد الزام ٹھہرایا تھا لیکن متوفی کی والدہ فلمی ادکار کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوگئیں اور کہا کہ فلم کے پرموشن سے ان کے فرزند کی بدبختانہ موت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ہم شاہ رخ کے خلاف نہیں ہے کیونکہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں ہے ۔ وہ بھی میرے فرزند جیسے ہیں اور میرے فرزند کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے لمحہ آخر میں انتظامات کرنے پر شاہ رخ کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر کے کی فلم رئیس کی تشہیری مہم کا مذکورہ سانحہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ میرا بیٹا ہجوم میں گڑبڑ اور گھٹن کی وجہ سے فوت ہوگیا ۔ میری ہر ایک سے گزارش ہے کہ مرحوم کیلئے دعا کریں۔ دریں اثناء فرید کی بھتیجی جرنلسٹ ثمینہ شیخ نے بتایا کہ شاہ رخ خاں کی ٹیم نے سوگوار خاندان کو رتلم سے وڈوڈرا تک سفر کیلئے کار کا انتظام کیا ہے تاکہ آخری رسومات میں شرکت کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ فلمی اداکار سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اشکبار ہوگئے تھے اور کہا ہے کہ وہ بھی ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔