حیدرآباد۔ 20۔ اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاستی فلم ایوارڈس کے شرائط اور رہنمایانہ خطوط کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اطلاعات و تعلقات عامہ نوین متل نے احکامات جاری کئے۔ یہ کمیٹی ریاستی سطح کے فلم ایوارڈس کے ناموں کا انتخاب کرے گی اور ایوارڈ کے ساتھ درکار اہلیت کا بھی تعین کیا جائے گا۔ کمیٹی کے صدرنشین حکومت کے مشیر کے وی رمنا چاری ریٹائرڈ آئی اے ایس ہیں جبکہ ارکان میں پی رام موہن ریڈی صدر تلنگانہ اسٹیٹ فلم چیمبر آف کامرس، کے مرلی موہن سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ فلم چیمبر آف کامرس، ٹی بھردواج ، وی وینکٹیشور ریڈی ، ایم شیام پرساد ریڈی ، این شنکر اورکے سریش شامل ہیں۔ نوین متل آئی اے ایس کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی تلنگانہ اسٹیٹ فلم ٹیلی ویژن اینڈ تھیٹر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔