فلم اسٹار و سابقہ رکن راجیہ سبھا جیہ پرداکی عملی سیاست میں واپسی

فلم سٹی کے قیام کی سرگرمیوں کے دوران ٹی ہریش راؤ سے ملاقات اہمیت کی حامل
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) تلگو فلم اسٹار اور سابق رکن راجیہ سبھا جیہ پردا نے آج ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ سے ملاقات کی۔ منسٹرس کوارٹرس میں ہوئی اس ملاقات کے ساتھ ہی جیہ پردا کی عملی سیاست میں واپسی کے بارے میں افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔ جیہ پردا جو سابق میں سماج وادی پارٹی میں شامل تھیں تاہم پارٹی سے امر سنگھ کی علحدگی کے بعد انہوں نے امر سنگھ کے ساتھ سماج وادی پارٹی سے دوری اختیار کرلی۔ ان دنوں وہ سرگرم سیاست سے دور ہیں۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اس ملاقات کو خیرسگالی قرار دیا اور کہا کہ ملاقات کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جیہ پردا نے دراصل سالِ نو کی مبارکباد دینے کیلئے ان سے ملاقات کی۔بتایا جاتا ہے کہ جیہ پردا چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی خواہاں ہیں اور انہوں نے ہریش راؤ سے خواہش کی کہ وہ چیف منسٹر سے اپوائنٹ مینٹ طئے کریں۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے تلگو فلم انڈسٹری کے فروغ کے سلسلہ میں کئے جارہے اقدامات اور حیدرآباد کے مضافات میں فلم سٹی کے قیام کی سرگرمیوں کے دوران جیہ پردا کی یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔