فلم اسٹار و رکن اسمبلی بالا کرشنا کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ

جی ایچ ایم سی انتخابات میں حق رائے دہی سے استفادہ، پونم پربھاکر کا ردعمل
حیدرآباد /4 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے والے آندھرا پردیش کے رکن اسمبلی و فلم اسٹار بالا کرشنا کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کیا۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ووٹ دے کر بالا کرشنا نے قانون اور انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے، لہذا انھیں ہندو پور حلقہ اسمبلی (آندھرا پردیش) کی رکنیت سے محروم کردینا چاہئے۔ انھوں نے اپنے مکتوب اور انتخابی ضابطہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی پارلیمانی حلقہ سے مقابلہ کرنے کے لئے ملک کی کسی بھی ریاست کی فہرست رائے دہندگان میں نام شامل ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح کسی بھی ریاست کے حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کرنے کے لئے ریاست کے کسی بھی ضلع یا حلقہ کی ووٹر لسٹ میں نام کا اندراج ضروری ہے، لہذا حلقہ اسمبلی ہندو پور کی نمائندگی کرنے والے تلگودیشم رکن اسمبلی بالا کرشنا حیدرآباد میں کس طرح ووٹ دے سکتے ہیں؟ کیونکہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ دو علحدہ ریاستیں ہیں، جب کہ الیکشن کمیشن کو اس عمل کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ ضابطہ کے مطابق ضلع پریشد کا رکن صرف مقامی ضلع کی نمائندگی کرتا ہے، جب کہ آندھرا پردیش کے رکن اسمبلی نے ریاست تلنگانہ میں حق رائے دہی کا استعمال کیا، لہذا الیکشن کمیشن کو بالا کرشنا کی اسمبلی کی رکنیت مسنوخ کردینا چاہئے۔