حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی اور فلم اسٹار بابو موہن نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی آر ایس پارٹی نے انہیں مجوزہ انتخابات میں ٹکٹ سے محروم کردیا ہے ۔ وہ میدک میں اندول اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے تھے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن کے ہمراہ بابو موہن نے نئی دہلی میں قومی صدر سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیت شاہ نے انہیں بی جے پی کا کھنڈوا پہنایا اور پارٹی میں استقبال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی نے انہیں اندول اسمبلی حلقہ سے پارٹی امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بابو موہن کی شمولیت سے بی جے پی کے حوصلے بلند ہیں اور اس کے قائدین کو یقین ہے کہ انتخابی مہم میں اور بھی فلمی شخصیتیں شامل ہوں گی۔ 2014 اسمبلی انتخابات میں اندول اسمبلی حلقہ سے بابو موہن نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ٹی آر ایس نے اسمبلی کی تحلیل کے بعد 105 امیدواروں کی فہرست جاری کی جس میں اندول اسمبلی حلقہ کا ٹکٹ بابو موہن کے بجائے جرنلسٹ کرانتی کمار کو دیا گیا۔ ٹی آر ایس کے استحکام کیلئے محنت کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو نظرانداز کرنے پر بابو موہن نے ناراضگی جتائی اور اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اندول اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کا اثر موجود ہے اور بابو موہن کی شمولیت سے مزید اضافہ کی توقع کی جارہی ہے۔