فلم اداکار شاہد کپور کی میرا راجپوت کیساتھ شادی

نئی دہلی۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار شاہد کپور اور میرا راجپوت نے آج ایک سادہ تقریب میں رشتۂ ازدواج میں بندھ گئے۔ یہ تقریب قومی دارالحکومت کے مضافات میں واقع ایک فارم ہاؤز میں منعقد ہوئی جس میں قریبی رشتہ دار اور دوست و احباب نے شرکت کی۔ ممتاز اداکار پنکج کپور اور ان کی سابق بیوی نیلیمہ عظیم کے فرزند 34 سالہ شاہد نے ل21 سالہ میرا راجپوت کے ساتھ سات پھیرے لئے اور مذہبی رسومات ادا کی گئیں۔ میرا نے جاریہ سال دہلی یونیورسٹی کے شری رام کالج سے انگریزی میں گریجویشن کیا ہے۔ یہ رشتہ دونوں کے والدین نے طئے کیا تھا اور تقریب میں 40 مہمان شریک تھے۔ شادی کا جشن کل شام میں محفل رقص و موسیقی سے شروع ہوئی تھی۔ شاہد کپور نے فلم ’’معصوم‘‘ کے نغمہ ’’سج دھج کے‘‘ پر میرا کے ساتھ رقص کیا۔ سابق میں شاہد کپور کے تعلقات فلم اداکارہ کرینہ کپور، ودیا بالن، پرینکا چوپڑہ، انوشکا شرما اور بپاشا باسو کے ساتھ جوڑے گئے تھے۔ بالآخر انہوں نے جاریہ سال مارچ میں میرا کے ساتھ شادی کا اعلان کردیا۔ جبکہ مہمانوں کیلئے ضیافت کا اہتمام ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا گیا۔ بعدازاں ممبئی میں 12 جولائی کو استقبالیہ تقریب دی جائے گی۔